یوٹیوب ویڈیو کیسے وائرل کریں

0
1042

یوٹیوب ویڈیو کیسے وائرل کریں

یوٹیوب چینل ایس ای او (SEO ) کیسے کریں۔

12 Tips for making a YouTube video go viral

( سید عبدالوہاب شاہ )

Contents

یوٹیوب ایس ای او کیا ہے؟.

یوٹیوب ویڈیوز کو کیسے رینک دیتا ہے؟۔

ضروری نکات جن کا آپ نے خیال رکھنا ہے:

١۔ مقبول موضوعات پر ویڈیو بنائیں۔

٢۔ اپنے ویڈیو ٹائٹل کو بہتر بنائیں

٣۔ ویڈیو کی ڈسکرپشن کو بہتر بنائیں.

٤۔ اپنی ویڈیو کا CTR بہتر بنائیں۔

سی ٹی آر کو بہتر بنانے کا طریقہ:

٥۔ متعلقہ الفاظ کے ٹیگز لگائیں۔

٦۔ ڈسکرپشن میں ہیش ٹیگ لگائیں۔

٧۔ واچ ٹائم بڑھانے کی کوشش کریں۔

٨۔ ناظری کی دلچسپی کو بڑھائیں۔

٩۔ ویڈیوز کے ابواب بنائیں۔

١٠۔ سب ٹائٹل کا استعمال کریں۔

١١۔ اینڈ سکرین اور کارڈز کا استعمال کریں۔

١٢۔ ویڈیو کی تشہیر کریں۔

یوٹیوب ویڈیو کیسے وائرل کریں

آپ نے چینل بنایا، ویڈیوز اپلوڈ کیں، لیکن ویو نہیں آرہے۔ اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟

اس کی وجہ یہ ہے کہ جس موضوع پر آپ نے ویڈیو بنائی ہے اس موضوع پر اور بھی بہت سارے لوگ ویڈیوز بناتے ہیں۔ جو ٹائٹل آپ نے لکھا ہے وہی ٹائٹل اور بھی بہت سارے لوگ لکھ رہے ہیں۔ تو اس صورت حال میں آپ اپنی ویڈیو کو یوٹیوب سرچ میں صرف اچھی ایس ای او  (SEO) کے ذریعے ہی اوپر لا سکتے ہیں۔

Nukta Colum 003 1
نکتہ سید عبدالوہاب شیرازی

یوٹیوب ایس ای او کیا ہے؟

یوٹیوب ایس ای او  (SEO) وہ عمل ہے جس کے ذریعے آپ اپنی ویڈیوز کی اصلاح کرکے سرچ رزلٹ میں اوپر لا سکتے ہیں۔ کیونکہ لوگ الفاظ کے ذریعے ہی سرچ کرتے ہیں، آپ نے الفاظ کی تحقیق کرکے انہیں اپنی ویڈیوز کے ٹائٹل، ڈسکرپشن اور ٹیگز میں استعمال کرنا ہے۔ صرف الفاظ کو استعمال نہیں کرنا بلکہ انہیں موضوعات پر ویڈیوز بھی بنانی ہیں۔

یوٹیوب ویڈیوز کو کیسے رینک دیتا ہے؟۔

یوٹیوب اپنے سرچ رزلٹ میں ویڈیوز کو رینک دینے کے لیے اپنا الگوریتھم استعمال کرتا ہے۔ جس میں وہ ویڈیو کے ٹائٹل، ڈسکرپشن اور ٹیگز میں استعمال ہونے والے الفاظ کو دیکھتا ہے۔ اسی طرح یہ سمجھنے کے لیے کہ ویڈیو کتنی اچھی ہے یوٹیوب الگوریتھم ویڈیو کا واچ ٹائم، ویوز کی تعداد ، لائیک اور کمنٹس کا جائزہ لیتا ہے اور اندازہ لگاتا ہے کہ یہ ویڈیو کتنی اہم اور اچھی ہے، چنانچہ اسی جائزے کے نتیجے میں وہ اس ویڈیو کو ایک رینک دیتا ہے کہ اسے پہلے نمبر پر ہونا چاہیے یا دوسرے پر یا تیسرے پر۔

یوٹیوب ہر چینل کی سابقہ ہسٹری کو بھی رینکنگ دیتے وقت دیکھتا ہے۔ لیکن یوٹیوب ایس ای او کے لحاظ سے سب چینل کو ایک ہی طرح دیکھتا ہے۔

 ضروری نکات جن کا آپ نے خیال رکھنا ہے:

١۔ مقبول موضوعات پر ویڈیو بنائیں۔

یہ آپ کو کیسے پتا چلے گا کہ لوگ کیا تلاش کر رہے؟ اس طریقہ کا نہایت ہی آسان ہے۔

ایک طریقہ یہ ہے کہ:

 آپ نے جس موضوع پر ویڈیو بنانی ہے اس کے کچھ الفاظ یوٹیوب سرچ میں لکھیں، اور پھر دیکھیں یوٹیوب کیا دکھاتا ہے، اس موضوع پر جو الفاظ زیادہ سرچ کیے جاتے ہیں وہ سب سے اوپر نظر آئیں گے۔ آپ ان الفاظ کو اپنے پاس محفوظ کر لیں اور پھر اسی موضوع پر ویڈیو بنا کر انہیں الفاظ کو ویڈیو کا ٹائٹل بنائیں، انہیں الفاظ کے ٹیگز اور ڈسکرپشن لکھیں۔

اس بات کو سمجھنے کے لیے مندرجہ ذیل تصویر کو دیکھیں:

یوٹیوب ویڈیو کیسے وائرل کریں
یوٹیوب ویڈیو کیسے وائرل کریں

میں نے یوٹیوب سرچ میں لفظ ” عمرہ” لکھاتو یوٹیوب بتا رہے ہے کہ لوگ عمرہ کرنے کا طریقہ سرچ کر رہے ہیں۔ لہذا میں نے عمرہ کرنے کا طریقہ پر ویڈیو بنائی جسے 20 لاکھ لوگوں نے دیکھا۔

یوٹیوب ویڈیو کیسے وائرل کریں
یوٹیوب ویڈیو کیسے وائرل کریں

اس دوسری تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں میں نے ٹائٹل میں وہی الفاظ لکھے ہیں جنہیں لوگ سرچ کر رہے ہیں۔ اسی طرح ڈسکرپشن اور ٹیگز میں بھی انہیں الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے۔

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ:

آپ اسی موضوعات کی ویڈیوز بنانے والے بڑے چینلز پر جائیں، ان کی ٹاپ ویڈیوز کو دیکھیں کہ انہوں نے کن الفاظ پر مبنی ٹائٹل اور ویڈیوز بنائی ہیں، آپ بھی انہیں الفاظ کا انتخاب کریں اور ویڈیوز بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب چینل بنانے کا طریقہ

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب چینل نام کا انتخاب کیسے کریں

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب سے پیسہ کمانے کے 5 طریقے

٢۔ اپنے ویڈیو ٹائٹل کو بہتر بنائیں

ٹائٹل کو بہتر  بنانے سے مراد یہ ہے کہ حروف کی اچھی فارمیٹنگ کریں، ہر لفظ کا پہلا حرف کیپیٹل لکھیں۔ اس مقصد کے لیے آپ ایک چھوٹا سا ٹول بھی استعمال کرسکتے ہیں جس کا نام  TitleCase It! ہے۔

ٹائٹل کو بہتر بنانے سے مراد یہ بھی ہے کہ آپ کا ٹائٹل ایس ای او کے لحاظ سے بہتر ہو، تاکہ آپ کی ویڈیو اچھی رینکنگ حاصل کرے اور  آپ کو زیادہ سے زیادہ ویوز مل سکیں۔

اپنی ویڈیو کا عنوان بناتے وقت تھوڑا سا ٹائم نکال کر یوٹیوب سرچ میں اپنی ویڈیو سے ملتی جلتی ویڈیوز کے عنوانات چیک کرلیں اور پھر اچھے عنوان کا انتخاب کریں۔

٣۔ ویڈیو کی ڈسکرپشن کو بہتر بنائیں

ویڈیو کی تفصیلی ڈسکرپشن لکھیں اور بتائیں کہ آپ نے ویڈیو میں کس بارے بات کی ہے۔ ہو سکے تو ویڈیو کا خلاصہ ڈسکرپشن میں لکھ دیں۔ تفصیلی ڈسکرپشن لکھنے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ ڈسکرپشن گوگل کے سرچ رزلٹ میں بھی شو ہوتی ہے، اس طرح آپ کی ویڈیو کی گوگل رینکنگ بھی اچھی ہو جاتی ہے۔

ڈسکرپشن لکھتے وقت ویڈیو کے موضوع سے متعلقہ الفاظ کو بھی باربار دہرائیں، اور کوشش کریں متعلقہ الفاظ پہلی دو لائنوں میں ضرور ہوں، اور اس طرح لکھیں کہ وہ فطری لگیں، نہ کہ مصنوعی۔

٤۔ اپنی ویڈیو کا CTR بہتر بنائیں۔

سی ٹی آر کا مطلب ہے کلک تھرو ریٹ۔ یعنی لوگوں کا وہ فیصد جو آپ کی ویڈیو نظر آنے کے بعد اس پر کلک کرتے ہیں۔ مثلا آپ کی ویڈیو ایک سو لوگوں کو نظر آئی لیکن پچیس لوگوں نے اس پر کل کیا تو اس کا مطلب ہے آپ کا CTR پچیس فیصد ہے۔ اب سوال پیدا ہوتا ہے سی ٹی آر کو کیسے بہتر بنائیں؟

سی ٹی آر کو بہتر بنانے کا طریقہ:

  1. اپنا تھمبنل بہتر بنائیں

اگر ویڈیو بہت اچھی ہو لیکن اس کا تھمبنل ہی بیکار ہو تو بہت کم لوگ کلک کرتے ہیں، تھمبنل آپ کی ویڈیو کا چہرہ ہوتا ہے، یہ جتنا زیادہ خوبصورت اور متوجہ کرنے والا ہو گا اتنا ہی زیادہ کلک کا چانس ہوگا۔

  1. ویڈیو کی لمبائی

سی ٹی آر بہتر بنانے کے لیے اپنی ویڈیو کی لمبائی کا بھی دیہان رکھیں۔ کیونکہ تھمبنل کے ساتھ ویڈیو کے منٹ بھی نظر آرہے ہوتے ہیں۔ لوگ تھمبنل کے علاوہ ویڈیو کے منٹ دیکھ کر بھی کلک کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

اگر کوئی کسی چیز کی تفصیل جاننا چاہتا ہے تو وہ لمبی ویڈیو بھی دیکھ لیتا ہے۔ لیکن اگر کوئی کسی سوال کا جواب جاننا چاہتا ہے تو وہ مختصر ویڈیو کو پسند کرتا ہے۔ اس لیے ان چیزوں کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

٥۔ متعلقہ الفاظ کے ٹیگز لگائیں۔

ویڈیو کے نیچے ٹیگز لگانے کی جگہ بھی ہوتی ہے، جس طرح آپ نے ویڈیو کے موضوع سے متعلقہ الفاظ کا عنوان اور ڈسکرپشن لکھنی ہے اسی طرح متعلقہ الفاظ کے چند ٹیگز بھی لکھیں۔ سرچ انجن کسی چیز کو تلاش کرتے وقت ٹیگز کا بھی جائزہ لیتا ہے، اس لیے ویڈیو کی ایس ای او کی بہتری کے لیے ٹیگز کا ہونا بھی لازمی ہے۔

ٹیگز لکھتے وقت ان کی ترتیب کا بھی خیال رکھیں، یعنی سب اہم الفاظ کے ٹیگز پہلے لکھیں اور پھر باقی اسی ترتیب سے لکھیں۔ یوٹیوب نے جتنے ٹیگز لکھنے کی گنجائش رکھی ہے آپ اتنے ٹیگز لکھ سکتے ہیں لیکن اس بات کو بھی دیہان میں رکھنا ضروری ہے کہ اگر آپ بہت زیادہ ٹیگز لکھیں گے تو سرچ انجن کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو جائے گا کہ آپ کی ویڈیو کا موضوع کیا ہے۔

٦۔ ڈسکرپشن میں ہیش ٹیگ لگائیں۔

ہیش ٹیگ تو بہت مشہور چیز ہے جسے آپ لازما جانتے ہوں گے۔ ہیش ٹیگز کا استعمال ٹویٹر اور فیس بک پر بہت زیادہ کیا جاتا ہے۔ آپ ہیش ٹیگ کا استعمال یوٹیوب ویڈیو کے عنوان اور ڈسکرپشن میں بھی کر سکتے ہیں۔ بہت سارے لوگوں کا سرچ کرنے کا طریقہ بذریعہ ہیش ٹیگ ہوتا ہے۔ ہیش ٹیگ استعمال کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ زیادہ سے زیادہ دو یا تین ہیش ٹیگ لگائیں۔

٧۔ واچ ٹائم بڑھانے کی کوشش کریں۔

یوٹیوب رینکنگ کے عوامل میں ایک اہم چیز واچ ٹائم بھی ہے۔ یعنی لوگ آپ کی ویڈیو کو کتنی دیر تک دیکھتے ہیں۔ یوٹیوب کا نگرانی کرنے والا سسٹم آپ کی ویڈیو کے ویوز، لائیکس، سبسکرائبر اور واچ ٹائم کو نوٹ کر رہا ہوتا ہے، اور پھر ایک اوسط واچ ٹائم نکال کر اس حساب سے آپ کو رینکنگ میں جگہ دیتا ہے۔ واچ ٹائم کو بڑھانے والی صرف ایک ہی چیز ہے اور وہ ہے آپ کی قابلیت، آپ جتنی اچھی، مفید اور معلوماتی ویڈیو بنائیں گے آپ کا واچ ٹائم زیادہ ہوگا۔ جب واچ ٹائم زیادہ ہوگا تو رینکنگ بھی اچھی ہوگی۔

اپنے ناظرین کو دعوت دیں کہ وہ آپ کے چینل کو سبسکرائب اور ویڈیو کو لائیک کریں۔ ویڈیو کے بارے کمنٹ کریں۔ کیونکہ بہت سے لوگ یہ سب کچھ کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں لیکن انہیں یاد نہیں رہتا اس لیے آپ کو ایک بار ضرور یاد کرانا چاہیے۔

ایک اور اہم چیز  یہ بھی ہے کہ ویڈیو کی تمہید زیادہ لمبی نہ کریں، بلکہ سلام  کے بعد فورا اپنے موضوع پر بات کرنا شروع کردیں۔

٨۔ ناظری کی دلچسپی کو بڑھائیں۔

کامیابی یہ نہیں کہ آپ کی ایک ویڈیو پر ہزاروں ویوز آگئے اور پھر ختم،بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کہ آپ کی ہر ویڈیو پر اچھے خاصے ویوز آئیں۔ یا یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ ایک بار جو آپ کی ویڈیو دیکھے تو پھر دبارہ بھی  دوسری دیکھنے کے لیے ضرور آئے۔ کیونکہ یوٹیوب کا نگرانی سسٹم یہ چیز بھی نوٹ کرتا ہے کہ آپ کا ویور آپ کی بہت سی ویڈیوز دیکھتا ہے یا صرف ایک ہی ویڈیو دیکھ کر چلا گیا۔ اگر ایک ہی ویڈیو دیکھ کر چلا گیا اور پھر چند دن تک اس نے کوئی ویڈیو نہیں دیکھی تو یوٹیوب کا سسٹم خود بخود آپ کی ویڈیو آئندہ اس ویور سے غائب کر دیتا ہے۔

اس مسئلے کے حل کے لیے آپ کو دلچسپ ویڈیوز بنانی ہوں گی۔ آپ ویڈیوز کا قسط وار سلسلہ بھی شروع کر سکتے ہیں تاکہ ویور اگلی قسط کے انتظار میں رہے۔

٩۔ ویڈیوز کے ابواب بنائیں۔

یوٹیوب نے ویڈیوز کے ابواب بنانے کی سہولت بھی دی ہے۔ یعنی آپ اپنی کسی ویڈیو کو مختلف حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔ مثلا پہلے دو منٹ میں کیا بات ہے، پھر اگلے تین منٹ میں کیا بات ہے، پھر اگلے ایک منٹ میں کیا بات ہے۔ اس طرح ابواب بنانے سے دیکھنے والوں کو  سہولت ہوتی ہے ، اور وہ اس کو پسند بھی کرتے ہیں کیونکہ اس میں لوگوں کے ٹائم کی بچت ہوتی ہے۔

١٠۔ سب ٹائٹل کا استعمال کریں۔

یوٹیوب آپ کو یہ سہولت بھی فراہم کرتا ہے کہ آپ اپنی ویڈیو میں کسی دوسری زبان کا سب ٹائٹل استعمال کریں۔ اس کے استعمال سے وہ لوگ جو آپ کی زبان نہیں سمجھتے، وہ  سب ٹائٹل کو پڑھ کر سمجھ سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کی ویڈیو کی ویور شپ زیادہ ہوگی۔

١١۔ اینڈ سکرین اور کارڈز کا استعمال کریں۔

اپنی ویڈیو میں آپ پانچ کارڈز کا استعمال کرسکتے ہیں۔ یعنی ویڈیو کے دوران اپنی کسی دوسری ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے اس ویڈیو کا لنک فراہم کرسکتے ہیں،  جس پر کلک کرکے اس ویڈیو کو دیکھا جاسکتا ہے۔

اسی طرح آپ اپنی ویڈیو کے آخری پندرہ سیکنڈ میں اپنی دیگر ویڈیوز یا چینل کا لنک بھی لگا سکتے ہیں، اسے اینڈ سکرین کہا جاتا ہے۔

ایک اور کام جو آپ نے کرنا ہے وہ یہ ہے کہ اپنی ویڈیوز کو مختلف کیٹگریز میں تقسیم کریں، اس طرح آپ کے ناظرین کو خاص موضوع سے متعلقہ ویڈیوز تلاش کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

١٢۔ ویڈیو کی تشہیر کریں۔

یوٹیوب آپ کو اس بات کی ترغیب بھی دیتا ہے کہ آپ اپنی ویڈیو کا لنک مختلف سوشل میڈیا پر شیئر کریں یا کسی بلاگ، ویب سائٹ پر ویڈیو کو ایمبڈ کریں۔ یوٹیوب کی ان سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آپ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اپنی ویڈیو کو پہنچا سکتے ہیں۔

ویڈیوز کی تشہیر کا ایک طریقہ بامعاوضہ اشتہار چلانا بھی ہے۔ آپ اگر مالی گنجائش رکھتے ہیں تو یوٹیوب پر یا کسی اور پلیٹ فارم پر بامعاوضہ اشتہار چلا کر بھی تشہیر کر سکتے ہیں۔

ٹیکنیکل ایس ای او

Leave a Reply