قسط42 روحانی آپریشن

0
415

روحانی آپریشن

عملیات کی دنیا میں کچھ بہروپیے لوگوں کا روحانی آپریشن کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ یعنی ان کا دعویٰ یہ ہوتا ہے کہ ہمارے پاس کچھ ایسی خفیہ طاقتیں اور قوتیں ہیں یا موکلات اور جنات ہیں جن کے ذریعے ہم لوگوں کی بیماریوں کا چند منٹ میں بغیر کسی تکلیف اور درد کے آپریشن کردیتے ہیں۔ یہ آپریشن انسانی جسم کے اندر کیے جاتے ہیں مثلا دل کا آپریشن، گردوں کا آپریشن، کانوں اور آنکھوں کا آپریشن وغیرہ وغیرہ۔ اس قسم کے لوگ کسی علاقے میں سر اٹھاتے ہیں، چند ہی دنوں میں پورے ملک میں ان کی شہرت ہو جاتی ہے اور ہزاروں لوگ ان کی طرف رخ کرتے ہیں، پھر آہستہ آہستہ یہ رش کم ہوتے ہوتے ختم ہو جاتی ہے اور پھر کسی دوسرے علاقے میں کوئی دوسرا بہروپیہ کھڑا ہو جاتا ہے۔

Nukta Colum 003 1
نکتہ سید عبدالوہاب شیرازی

اسی طرح کا ایک دجال سن 2011 کے زمانے میں کشمیر کے علاقے باغ میں بھی مشہور ہوا، اس کی شہرت یہ تھی کہ وہ دل کا آپریشن کرتا ہے اور دل کی تمام امراض اس کے پاس علاج کروانے سے ختم ہو جاتے ہیں، یہاں تک لوگوں میں مشہور کردیا گیا تھا کہ راولپنڈی کے مشہور دل کے ہسپتال سے جو مریض لاعلاج قرار دے کر گھر واپس کردیئے جاتے ہیں وہ بھی اس کے پاس لیجانے سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ چنانچہ ہمارے کچھ عزیز دل کے روحانی آپریشن کے لیے اس کے پاس جارہے تھے تو میں نے بھی اس دجالیت کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے لیے جانے کا قصد کیا۔ میں ان دنوں اخبارات میں کالم نگاری بھی کرتا تھا، مجھے یقین تھا یہ فراڈ ہے اور میں اپنی آنکھوں سے دیکھ کر ساری صورتحال ایک مضمون میں لکھوں گا، اور میں نے وہاں سے واپس آکر اخبار میں ساری صورتحال کو لکھا بھی۔ لیکن دجل اور فریب اتنا زیادہ تھا کہ ایک بار میں بھی وہاں کی صورتحال دیکھ کر تھوڑا سا یقین کر بیٹھا تھا۔ جیسا کہ حدیث میں آتا ہے دجال کا فتنہ اتنا بڑا ہو گا کہ ایک شخص یہ کہتے ہوئے دجال کے پاس جائے گا کہ مجھے یقین ہے یہ دجال ہے لیکن میں صرف دیکھنے جارہا ہوں اور جب وہ اس کے پاس جائے گا تو اس پر ایمان لے آئے گا۔ اصل دجال تو بعد میں آئے گا اس سے پہلے یہ چھوٹے چھوٹے دجال بھی اتنے فتنہ پرور ہیں کہ میں پورے یقین کے ساتھ گیا تھا کہ یہ جھوٹا ہے لیکن وہاں پہنچ کر اور صورتحال دیکھ کر ایک بار میں بھی تھوڑا سا سوچنے پر مجبور ہو گیا کہ یہ شایدسچ ہی ہو۔ کیونکہ اس شخص نے سفید عمامہ، لمبا سفید کرتا، آدھی پنڈلی تک شلوار، اور مکمل صوفیانہ ہیئت بنائی ہوئی تھی، جب نماز کا وقت ہوا خود آذان دی، اور جماعت کرائی اور پھر لوگوں کے دلوں کے آپریشن شروع کیے۔آپریشن کیا تھا کمر پر ایک تھپڑ رسید کرتا تھا، اور کسی کو معمولی سے بلیڈ کا کٹ لگا کر پٹی کردیتا تھا، چند منٹ میں سینکڑوں لوگوں کے آپریشن کیے۔ لوگ اپنی باری کے انتظار میں لمبی لائن بنا کر کھڑے تھے اور جتنی لمبی لائن تھی اس پوری لائن کے ساتھ ہر پانچ چھ فٹ پر چندہ باکس لگائے ہوئے تھے،جن میں لوگ حسب توفیق پیسے ڈالتے تھے۔ بہر حال اس طرح کے فراڈیے اور دجال مختلف علاقوں میں سر اٹھاتے اور پھر غائب ہو جاتے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا چاہیے یہ سب فراڈ ہوتا ہے اور ایسا کوئی طریقہ اور روحانی آپریشن نہیں ہوتا۔

فہرست پر جانے کے لیے یہاں کلک کریں۔

Leave a Reply