دوسروں کو ماہانہ لاکھوں کمانے کے مشورے دینے والے خود کتنا کماتے ہیں۔۔۔؟؟؟

0
172
حامد حسن
حامد حسن
دوسروں کو ماہانہ لاکھوں کمانے کے مشورے دینے والے خود کتنا کماتے ہیں۔۔۔؟؟؟
ایسا کوئی بھی بندہ جویوٹیوب، فری لانسنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ماہانہ لاکھوں کمانے کی ٹپس اینڈ ٹرکس بتائے یا کورسز کروائے ایسے بندے سے پوچھنا چاہئے کہ آپ کا اپنا یوٹیوب چینل کون سا ہےاور آپ اس سے کتنا کما رہے ہیں، آپ نے خود ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور فری لانسنگ سے کتنا کمایا ہے۔۔۔
ایک سال قبل کی بات ہے پاکستان کے ایک چوہدری صاحب ہیں ان کی مارکیٹنگ کا طریقہ بہت انوکھا اور عجیب مضحکہ خیز ہوتا ہے بڑے بڑے دعوے اور باتیں، ان کے ایک کورس کا عنوان تھا کہ “مجھ سے فری لانسنگ سیکھیں اور ماہانہ لاکھوں کمائیں”، پہلے دن کی کلاس فری تھی تو میں بھی شامل ہوگیا، سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا تو میں نے سوال کیا کہ سر! آپ سے سٹوڈنٹس یہ کورس کرکے ماہانہ لاکھوں کمائیں گے تو آپ خود فری لانسنگ سے کتنے لاکھوں ماہانہ کما رہے ہیں، اپنے فری لانسنگ اکاونٹس، ٹرانزیکشن، اور انکم شو کریں، میں چونکہ 2016 سے فری لانسنگ کر رہا ہوں میں نے اپنی سکرین شیئر کی پے پال اور دوسرے اکاؤنٹس شیئر کئے، اپ ورک پر جابز، سکلز، اور انکم دکھائیں ان کو بولا کہ سر غریب عوام کے غریب بچے ہیں مستقبل کے خواب دیکھ کر آپ کا کورس کر رہے اورآپ ان کو چونا لگا رہے ہیں، اس بات پر ایک تو وہ مجھے بلاک کر گئے اور پھر ان کے چمچوں کڑچھوں نے جو بدتمیزی اور گالی گلوچ کی الامان۔۔۔
یہ عجیب رواج چل نکلا ہے کہ یوٹیوب سے چند دن کسی کورس کی ویڈیوز دیکھو اور پھر اسی کورس کو سکھانا شروع کر دو، لمبی چوڑی تعریفیں اور مدح سرائی کروا کر اس کی ایڈوٹائزنگ کرو، اور پھر وہی کچھ ان سٹوڈنٹس کے دماغوں میں انڈھیل دو، جو کچھ فری میں یوٹیوب سے فری میں سیکھا اس کی مہنگی فیسیں لے کر آگے سکھاؤ، سٹوڈنٹس دعوؤں اور چکنے چوپڑے اشتہارات سے متاثر ہوکر کورسز میں شامل ہوجائیں، یوٹیوب کے رٹے رٹائے کورسز کو من و عن آگے منتقل کردو، چند دن ٹولز مینو اور رٹی رٹائی تھیوری پڑھا کر کورس مکمل کر کے یہ جا و ہ جا۔۔۔
دس دس سکلز ایک ہی بندہ سکھا رہا ہے اور ہر چند دن بعد ایک نیا کورس لانچ ہورہا ہے، شوشل میڈیا پر چیلے چانٹے مٹرگشت کرتے ہیں کہ اس وقت کون سا کورس نہیں ہورہا تو اس کورس کو لانچ کیا جائے کچھ نیا سامنے لایا جائے تاکہ مزید سٹوڈنٹس کو گھیر کر ان کا وقت اور پیسے برباد کئے جائیں۔۔۔
سوچنے والی بات یہ ہے کہ ایک بندہ آخر کتنی سکل میں ماہر ہوسکتا ہے اور اس کا کتنا بڑا دیگ نما دماغ ہے کہ سب چاول اسی ایک دماغ میں پک رہے ہیں۔۔۔
جو بندہ بھی بڑے بڑے دعوے کرے، بڑے بڑے مشورے دے، لمبی لمبی پھینکے تو ایسے بندے سے سب سے پہلا سوال یہ بنتا ہے کہ آپ بذاتِ خود ماہانہ کتنا کماتے ہیں، خوب تحقیق کریں، اس کے اکاؤنٹس اور اس کی اپنی انکم چیک کریں کہ وہ بذاتِ خود ماہانہ کتنا کما رہا ہے۔۔۔
میں بار بار ایک ہی بات پر زور دیتا ہوں خدارا ۔! کوئی ایک سکل سیکھیں، آن لائن فیلڈ میں بے تحاشہ سکوپ اور انکم ہے مگر شرط یہ ہے کہ یہاں پروفیشنل ازم اور مہارت چلتی ہے، ڈیجیٹل فیلڈ میں چالاکیاں اور دھوکہ بازیاں نہیں چلتی کیوں کہ کام کروانے والے بھی تجربہ کار اور ماہر لوگ ہوتے ہیں وہ سب کچھ سمجھتے ہیں، ان کے آگے ایسی ٹوٹی پھوٹی اور بے کار جوگاڑ سکلز نہیں چلتی بلکہ وہ خود پروفیشنل ہوتے ہیں تو پروفیشنل کام ہی کرواتے ہیں۔۔۔
آن لائن فیلڈ میں بہت انکم ہے، سوچ سے زیادہ سکوپ ہے، آنے والے وقتوں میں ٹیکنالوجی بہت زیادہ ترقی کرنے والی ہے اور اس میں کامیاب وہی ہوگا جو کسی بھی سکل میں پروفیشنل ہوگا، کسی ایک سکل میں مہارت بھی بہترین انکم دلا سکے گی۔۔۔
اس لئے گزارش کی جاتی ہے کہ آپ جو بھی کورس کرنا چاہیں تو جس ٹیچر سے کرنے کا ارادہ ہو پہلے اس کے بارے میں تسلی سے مکمل تحقیق کریں، اچھی طرح چھان بین کریں، اس کی اپنی سکل دیکھیں کہ یہ خوداس سکل میں کتنا ماہر اور پروفیشنل ہے، بڑے بڑے دعوؤں سے لبریز اشتہارات سے متاثر ہوئے بغیر بلا خوف و خطر اس سے ڈنکے کی چوٹ پر پوچھیں کہ آپ کے اس کورس کو کرنے کے بعد میں ہزاروں لاکھوں اس سکل سے کماؤں گا پہلے آپ یہ بتائیں کہ آپ نے خود اس سکل سے کتنا کمایا۔۔۔؟؟؟
یوٹیوب سے سیکھ کر آگے سکھا دینا کوئی کمال نہیں ،جو ویڈیو یوٹیوب پر موجود ہے اسے دیکھو خو ب رٹو اور پھر من و عن وہی کچھ آگے منتقل کر دو نہ اس میں اپنا تجربہ نہ مہارت بس رٹّو پوپٹ کی طرح آگے کر دینا۔۔۔
غریب سٹودنٹس معلوم نہیں کس طرح محنت مزدوری کر کے فیسیں ادا کرتے ہیں، ان کے والدین قرض لے کر فیسیں ادا کرتے ہیں کہ چلو مستقبل سنور جائے گا کچھ حاصل ہوجائے گا آن لائن فیلڈ سے کچھ کما لیں گے مگر ان کو کیا معلوم کہ یہاں تو صرف لوٹنے کا نام سکل ہے۔۔۔
ایسے سٹوڈنٹس جو ہر سکل کو سیکھنا کامیابی سمجھتے ہیں اور ہر سوفٹ ویئر اور سکل میں چند دن انگلیاں مار کر فخر محسوس کرتے ہیں اور اپنے نام کے ساتھ اس سکل کو ایڈ کردیتے ہیں ایسے سٹوڈنٹس صرف اپنا وقت اور رقم برباد کرتے ہیں ایسے سٹودنٹس پروفیشل نہیں بن پاتے اور نہ ہی ڈیجیٹل فیلڈ سے کما پاتے ہیں۔۔۔
میں ہاتھ جوڑ کر التجاء کرتا ہوں خدارا۔! غریب بچوں کے حال پر رحم کریں چکنی چوپڑی تقریروں اور تحریروں سے ان معصوموں کا وقت اوررقم برباد مت کریں پلیز۔۔۔

Leave a Reply