41

آبادی پر کنٹرول،عالمی استعمار کا ہتھیار

آبادی ہمیشہ سے دُنیا میں قوت و طاقت اور معاشی و سیاسی استحکام کا ذریعہ سمجھی گئی ہے، لیکن آج ایک عالمی ایجنڈے نے بڑھتی ہوئی آبادی کو خوف کی علامت بنادیاہے ۔ ترقی یافتہ ممالک اپنے مخصوص مقاصد کے لئے ترقی پذیر اور معاشی طور پر کمزور ممالک کو یہ باور کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں کہ بڑھتی ہوئی آبادی ان کی معیشت ہی نہیں ، ان کے وجود کے لئے بھی خطرہ بن سکتی ہے اسی ایجنڈے کے تحت 1973 ء سے اقوام متحدہ نے کنٹرول آبادی کو ایک عالمی پالیسی بنا دیاہے ۔
اسی کے مطابق ترقی پذیر ممالک سے آبادی کنٹرول کرنے کی یقین دہانیاں لی جاتی ہیں اور قرض و ترقیاتی فنڈز کے لئے تخفیف آبادی کے اہداف کو بطور شرط منوایاجاتاہے ،حالانکہ اصل مسئلہ آبادی نہیں ، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے ۔ وسائل بھی خالق کائنات کے عطا کردہ ہیں اور خود اسی کی طرف سے آبادی کا کنٹرول بھی اس کی حکمت و مشیت کا اہم حصہ ہے، اِس لئے کہ ہر ذی روح کے رزق کا ذمہ اللہ رب العالمین نے خود لیاہے اور دنیا میں کمانے والے ہاتھ اور کھانے والے منہ کتنے ہوں گے ۔
لڑکوں اور لڑکیوں کی تعداد کے درمیان توازن و اعتدال کیسے ہوگا ۔ شرح پیدائش اور شرح اموات کا فارمولا کیا ہوگا؟ یہ اس کی ہی تقدیر کے فیصلے ہیں اور انسانوں نے جب بھی ان معاملات میں مصنوعی مداخلت کی کوشش کی ہے اس سے اتنے بڑے معاشرتی بگاڑ پیدا ہوئے ہیں ، جنہوں نے پورے معاشرے کے تارو پود بکھیر دیئے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ دُنیا میں نا م نہاد کنٹرول آبادی مہم کے نتیجہ میں ورکنگ اور نوجوان لیبر فورس کی تعداد مسلسل کم ہورہی ہے ۔ ساٹھ سال سے زائد عمر کی آبادی 1990 ء میں 50 کروڑ تھی جو 2017 ء میں 96کروڑ ہو گئی اور 2030 ء میں ایک ارب40 کروڑ ہو جائے گی ۔ چین میں ایک بچہ پالیسی کی وجہ سے گزشتہ دہائیوں میں 40کروڑ کم بچے پیدا ہوئے ہیں اور لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کی تعداد اتنی کم ہو چکی ہے کہ اب شادی کی عمر کے پانچ نوجوانوں کے لئے محض ایک لڑکی موجود ہے، جس کی وجہ سے جرائم اور فحاشی بڑھ گئی ہے ۔
کنواروں کے گاؤں کے گاؤں سامنے آرہے ہیں ۔ 1993 ء سے مسلمانوں کی شرح پیدائش کو بالخصوص خطرہ ظاہر کر کے مسلمان ممالک کو خصوصی ہدف بنایا گیاہے ۔ چونکہ پاکستا ن میں نوجوان آبادی کی شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے ،اس لئے پاکستان کو بالخصوص نشانہ بنایاجارہاہے ۔
جب اقوام متحدہ جیسا عالمی ادارہ دُنیاکے 94ممالک میں انسانی شرح پیدائش ضرورت سے کم ہونے کو انتہائی خطرناک قرار دے رہاہے اور ان تمام 94 ممالک کو اپنی اپنی آبادی میں اضافہ کی ہدایت جاری کر چکاہے ، پاکستان میں افسر شاہی ، این جی اوز اور حکومتی سطح پر آبادی کو کنٹرول کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں اور اس کے لئے باقاعدہ پالیسی سازی اور شہریوں کو مراعات دینے جیسے معاملات زیر غور بتائے جارہے ہیں ۔قوم جاننا چاہتی ہے کہ وہ کون سے مقاصد ہیں، جن کے حصول کے لئے اس طرح کی پالیسی بنائی جارہی ہے جسے خود اقوام متحدہ مسترد کر چکاہے ۔
ہم حکومتی شہ دماغوں کی توجہ اس جانب بھی مبذو ل کرانا چاہتاہے کہ چین میں ایک بچہ پالیسی کی ناکامی کے بعد چینی حکومت نے اس پالیسی کو واپس لے لیاہے ، البتہ اس پالیسی کے نتیجہ میں چینی معاشرے میں جو توڑ پھوڑ ہوئی ہے ، اس کے اثرات اس جدید ترقی یافتہ ملک کو کئی دہائیوں تک برداشت کرنا پڑیں گے۔
پاکستان میں غربت اور معاشی بدحالی کے اصل اسباب قومی وسائل پر ظالم اشرافیہ کا قبضہ ، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ، کھربوں روپے کی بدترین کرپشن ، قومی دولت کی لوٹ مار اور حقیقی نظام احتساب کی عدم موجودگی ہے اسی وجہ سے غریب پینے کے صاف پانی ، د و وقت کی روٹی ، سر چھپانے کے لئے چھت اور تعلیم و علاج سے محروم ہیں، جبکہ لوٹ مار کرنے والا یہی طبقہ غریبوں کو ہی ان کے زیادہ بچوں کی وجہ سے اپنی غربت کا ذمہ دار قرار دیتاہے ۔
پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل اور جفاکش و محنتی لوگوں سے نوازا ہے ۔ دُنیا بھر میں پاکستانی اپنی خدا داد صلاحیتوں کی وجہ سے اپنا ایک مقام و وقار رکھتے ہیں، لیکن اللہ کے نظام سے روگردانی کی وجہ سے آج ملک میں بھوک، غربت اور بے روزگاری ہے۔
کنٹرول آبادی کی اس مہم کے نتیجہ میں اسقاط حمل کی شرح میں اضافہ ہونے سے خواتین کی زندگی و صحت کے مسائل نے جنم لیاہے ۔ مانع حمل اشیا ء کی سرکاری سطح پر دیہاتوں تک آسان دستیابی و رسائی نے معاشرے میں بے راہ روی کو فروغ دیا ہے ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسلام نے ماں بچے کی صحت کو یقیناًمد نظر رکھا ہے اور اسی مقصد کے لئے ماؤں کو کامل دو سال بچے کو دودھ پلانے کا حکم ہے ۔ اسی طرح ماں بچے کی صحت اور بچوں کی تعلیم اور صحیح تربیت کے پیش نظر ایک فیملی بچوں میں وقفہ کا فیصلہ کر سکتی ہے، لیکن یہ سب کچھ خالص فرد کے مسائل اور فیصلے ہیں ۔
ریاست کو فرد کی ذاتی اور خاندانی زندگی میں مداخلت کا قطعاً کوئی حق نہیں ۔ ملک و قوم کی فلاح اس میں ہے کہ حکومت آبادی پر کنٹرول کی پالیسی کو فوری طور پر ترک کرے اور نوجوان آبادی کو معیشت کے استحکام کے لئے ایک قوت بنانے کو قومی ترجیح بنائے اور اس کی موثر پلاننگ کی جائے ۔زچہ و بچہ کے لئے زیادہ سے زیادہ مراکز قائم کئے جائیں تاکہ دوران زچگی ماں یا بچے کی اموات پر قابو پایا جاسکے ۔ بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کو جدید طبی سہولیات فراہم کر کے اپ گریڈ کیا جائے ۔
قومی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے زراعت میں فی ایکڑ پیداوار دوگنا کرنے ، ایگرو بیسڈ انڈسٹری اور لائیو سٹاک کو فروغ دینے ، گھریلو صنعتوں اور سمال و میڈیم انڈسٹری کو مستحکم کرنے اور برآمدات بڑھانے کی طرف توجہ دی جائے۔ جاگیر داری نظام کے خاتمے ، امارت و غربت میں تفاوت کو کم کرنے ، کرپشن پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
سودی معیشت کے خاتمے اور اسلامی نظام معیشت کے نفاذ کے آئینی تقاضے فی الفور پورے کئے جائیں۔
کنٹرول آباد ی ایک مفاد پرستی پر مشتمل عالمی دہشتگردوں کا نظریہ ہے۔مغرب خوفزدہ ہے کہ مسلمانوں کی آبادی بڑھ رہی ہے اور آنے والے وقت میں دُنیا پر وہی قوم حکومت کرے گی، جس کی آبادی زیادہ ہوگی ۔ ایک طرف ریاست کہتی ہے کہ انسان کے انفرادی معاملات میں دخل نہ دو ، دوسری طرف اسے بچوں کی پیدائش سے روکتی ہے ۔
برتھ کنٹرول کا اصل مقصد مسلمانوں کی آبادی کم کرنا ہے۔یہ بنیادی انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے ۔ اگر حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان ترقی کرے تو اسے 60فیصد سے زائد بنجر پڑی زمین کو قابل کاشت بناناہوگا ۔ پاکستان کے 95 فیصد وسائل دو فیصد اشرافیہ کے پاس ہیں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا چاہئے۔ملک کا بنیادی مسئلہ انصاف ، تعلیم اور علاج کی سہولتوں کی عدم فراہمی ، ملاوٹ اور کرپشن ہے ۔
یہاں ریاست معصوم بچوں اور لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنا دیتی ہے ۔ تعلیم اور علاج کی فراہمی حکومت کے کسی پروگرام میں نہیں، جس طرح 5دسمبر2018ء کو سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے زیر اہتمام ’’الارمنگ پاپولیشن گروتھ ان پاکستان‘‘ کے عنوان سے سپریم کورٹ کے احاطہ میں آبادی پر کنٹرول کے لئے سیمینار کیا تھا ، لیکن تصویر کا دوسرا رخ پیش کرنے کا کسی کو موقع نہیں دیا گیا ۔
حکمران غیر ترقیاتی اخراجات کم کرکے سادگی اختیار کریں اور اسلام کا معاشی نظام اختیار کرلیں تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے، مگر حکمران عالمی استعمار کے خوف سے اس طرف تو قدم اٹھاتے نہیں اور آبادی زیادہ ہونے کا رونا روتے رہتے ہیں۔ علمائے کرام اور آئمہ حضرات بھی معاشرے میں تعلیم و صحت کی اہمیت ، بچوں کی پرورش و نگہداشت اور اولاد کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے منبر و محراب کی قوت کو بروئے کار لائیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں