بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی کا امکان

آندھی کا امکان

ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار، بعض علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پیر اور منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کچھ بالائی اور شمالی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کے امکانات بھی موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں شام یا رات کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جبکہ منگل کے روز بھی عمومی طور پر موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، شمالی و جنوب مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کی صورتحال

محکمۂ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم عمومی طور پر گرم اور خشک رہا، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی۔

سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، سکرنڈ، چھور اور مٹھی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ جیکب آباد، دالبندین، تربت اور شہید بینظیر آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شدید موسم کے اثرات اور اموات

محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز بھی الرٹ جاری کیا تھا، جس میں آندھی، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے کمزور انفراسٹرکچر کو ممکنہ نقصان کی وارننگ دی گئی تھی۔ اس کے مطابق بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز متاثر ہو سکتے ہیں۔

اتوار کے روز پنجاب، خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں میں آندھی اور بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات پیش آئے جن میں کم از کم 19 افراد جاں بحق اور 92 زخمی ہوئے۔

پنجاب میں 24 مئی کو آنے والے شدید طوفان کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 13 ہو چکی ہے، جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے کی ہے۔

متاثرہ علاقوں کی تفصیل

اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مری، گلیات، اٹک، چکوال، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ اور دیگر اضلاع میں ایک بار پھر آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پشاور میں بھی شدید موسم کی توقع ہے۔

پری مون سون بارشوں کا آغاز

نجی موسمیاتی ایپ ’ویدر والے‘ کے چیف میٹ آفیسر دانش بیگ کے مطابق پاکستان اور بھارت میں پری مون سون بارشیں وقت سے پہلے شروع ہو چکی ہیں، اور حالیہ بارشیں اسی سلسلے کا حصہ ہیں۔

دانش بیگ نے ’انڈپینڈنٹ اردو‘ سے گفتگو میں بتایا کہ آئندہ ہفتے کے وسط میں بھی بارشیں متوقع ہیں تاہم وہ زیادہ خطرناک نہیں ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ’رواں ماہ کے آخر اور جون کے آغاز میں مزید بارشوں کا بھی امکان ہے کیونکہ اس بار پری مون سون بارشیں انڈیا میں جلد شروع ہوئی ہیں جن کا اثر پاکستان میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔‘

دانش بیگ نے آئندہ ماہ کے آغاز میں عید الضحیٰ کے موقع پر موسم کے حوالے سے بتایا کہ ’عید کے قریب بارشیں ہوں گی جن سے درجہ حرارت میں خاطرخواہ کمی کی امید ہے۔‘

آندھی، بارش اور ژالہ باری: ایسی صورت حال میں کیا کریں؟

موسمیات پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورت حال میں سب سے پہلے وارننگ پیغامات کو سنجیدگی سے لیں اور غیرضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔

کوشش کریں کہ ایسی تمام جگہوں سے دور رہیں جہاں شیشے موجود ہیں۔

شہریوں کو چاہیے کہ پہلے ایسی صورت حال میں سفر نہ کیا جائے لیکن اگر سفر ضروری ہو تو ایسے میں گاڑی روک کر کسی شیڈ کے نیچے کھڑی کر دیں۔

اگر ایسے میں کہیں پھنس جائیں تو گاڑیوں میں پڑے میٹس کا استعمال کر کے شیشوں کو ٹوٹنے سے بچایا جا سکتا ہے۔

 

Related posts

Leave a ReplyCancel reply