سبز چائے کے بے شمار فوائد

سبز چائے کا استعمال پاکستان میں بہت عام ہے بلکہ اسے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے۔ورم کش اینٹی آکسائیڈنٹ سے بھرپور یہ گرم مشروب اپنانا درحقیقت ایک بہترین فیصلہ بھی ہوسکتا ہے۔کیا جاننا چاہتے ہیں کہ یہ کرشماتی مشروب کس حد تک صحت کے لیے فائدہ مند ہے ؟ کینسر سے لے کر مہاسوں تک کے لیے اس کا استعمال آپ کو حیران کر دے گا۔

کیل مہاسوں سے نجات

ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ سبز چائے میں شامل اینٹی آکسائیڈنٹس اجزاء دو تہائی کیل مہاسوں کو صاف کردیتے ہیں، تاہم اس کے لیے چائے کو پینے کی بجائے ٹھنڈا کرکے فیس واش کے طور پر استعمال کرنا ہوگا، چکنی جلد کے لیے پودینے کی چائے کو سبز چائے میں شامل کرکے یہ کام کرنا ہوگا۔

یاداشت بہترین بنائیں

سبز چائے کا روزانہ استعمال دماغ کے ان حصوں کی کارکردگی بہتر بناتا ہے جو معلومات کا تجزیہ کرنے اور معلومات اکھٹا کرنے کا کام کرتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق اس میں شامل اجزاءتوجہ مرکوز کرنے اور ذہنی ہوشیاری کی سطح بڑھاتے ہیں، اس میں چونکہ کیفین کی مقدار بہت کم ہوتی ہے لہذا اعصابی تناؤ کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔


کینسر سے بچاؤ کے لیے مفید

ایک تحقیق کے مطابق سبز چائےکینسر کی روک تھام کے لیے بہت فائدے مند ہے۔ محققین کے مطابق سبز چائے میں موجود پولیفینولز نامی جز کینسر کی خلیات کو مارنے اور ان کی پیشقدمی کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ سبز چائے کا استعمال کرنے والی خواتین میں علاج کے بعد بریسٹ کینسر کے لوٹنے کا امکان کم ہوتا ہے، جبکہ ایک اور امریکی تحقیق میں اسے آنتوں کے کینسر کا خطرہ 30 فیصد تک کم کرنے کے لیے بہترین بتایا گیا۔

دل کے لیے بھی فائدہ مند

سبز چائے میں فلیونوئڈز اور اینٹی آکسائیڈنٹس کی تعداد کافی زیادہ ہوتی ہے جو خراب کولیسٹرول کے اثرات کو کم کرنے، خون کے لوتھڑوں کی روک تھام اور شریانوں کے افعال میں بہتری لاتے ہیں۔ اسی طرح سبز چائے کولیسٹرول اور شریانوں میں بلاکیج کو کم کرتا ہے۔ روزانہ ایک سے دو کپ سبز چائے پینے والوں میں شریانوں کے سکڑنے کا خطرہ 45 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

فالج کا خطرہ کم کرے

ایک تحقیق کے مطابق روزانہ اس مشروب کا استعمال فالج کے حملے کا خطرہ بیس فیصد تک کم کرسکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق دوکپ روزانہ سبز چائے فالج کا خطرہ بیس فیصد تک کم کردیتا ہے جبکہ اس کا استعمال جتنا زیادہ ہوگا، یہ خطرہ اتنا ہی کم ہوتا جائے گا۔


جسمانی چربی تیزی سے گھلائے

اگر آپ جسمانی وزن میں اضافے یا توند نکلنے سے پریشان ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ ایک تحقیق میں اس گرم مشروب کے استعمال اور ورزش سے 36 فیصد تک توند کی چربی کو گھلانے میں کامیابی ملی۔ کچھ ماہرین کا دعویٰ ہے کہ اس مشروب کا استعمال آٹھ ہفتوں میں پانچ کلو تک جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد دے سکتا ہے۔

ناخنوں کو مضبوط بنائے

اگر ناخنوں کے مسائل کا سامنا رہتا ہے، تو انہیں سبز چائے کے عرق میں ہفتے میں ایک بار ڈبونا عادت بنانا انہیں مضبوط، چمکدار اور رنگت بہتر بنانے میں مدد دے گا۔

نیند کے دوران وزن کم کرے

سبز چائے توند کی چربی تو گھلاتی ہی ہے جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے مگر جسمانی وزن کم کرنے کے لیے اگر اس کا ایک کپ سونے سے پہلے پینے کی عادت بنائیں، تو نیند کے دوران بھی جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن ہے۔

جھریاں دور کرنے کے لیے بھی مددگار

سبز چائے میں اینٹی آکسائیڈنٹس عمر بڑھنے کے اثرات زائل کرنے میں مدد دیتے ہیں، سبز چائے میں ایک ٹشو پیپر ڈبوئیں اور چہرے پر لگائیں، اسی طرح آنکھوں کے نیچے کا حصہ پھول گیا ہے تو وہاں سبز چائے کے ٹی بیگز گیلے کرکے رکھنا فائدہ پہنچا سکتا ہے۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.